وزیراعلیٰ سندھ کا مناسب فیصلہ

136

میں آپ کے موقر روزنامے کی وساطت سے وزیراعلیٰ سندھ محترم مراد علی شاہ صاحب کے اِس فیصلے کی حمایت کرتی ہوں جو انہوں نے بازاروں اور شادی ہالوں کے اوقات کی بندش کے متعلق کیا ہے۔ اگر حقیقت بیان کی جائے تو یہ اسلامی نظام کے حوالے سے بھی ایک بہترین اور درست فیصلہ ہے لیکن! یہ ایک ادھورا حکم ہے کہ بند کرنے کے اوقات تو بتادیے گئے ہیں مگر بازار کھلنے کے وقت کا تعین نہیں کیا گیا۔
بازار اگر 12 یا 1 بجے کھلیں گے تو 7 بجے بند کرنا ناممکن ہے، آپ اگر صبح 8 یا 9 بجے بازار کھولنے کے احکامات بھی جاری کردیں تو بڑی مہربانی ہوگی پورا معاشرہ ایک سسٹم کے تحت آجائے گا۔ ہمارے پیارے نبیؐ کا فرمان ہے۔
صبح کا سونا رزق کو روکتا ہے۔
تاجر بھائیوں کے لیے بلکہ ہم سب اُمتیوں کے لیے اس حدیث میں وعید بھی ہے اور خوش خبری بھی صبح جتنی جلد کاروبار شروع کریں گے اتنا ہی رزق میں برکت ہوگی۔ ان شاء اللہ۔ اور سر شام اپنے گھروں کو جا کر اپنے اہل خانہ کے ساتھ زندگی کا لطف اُٹھائیں۔ سونے کا اہتمام جلد کریں صبح سویرے ہشاش بشاش بیدار ہوں اپنے ربّ کی عبادت کریں اور بسمہ اللہ پڑھ کر اپنے کاروبار کا آغاز کریں۔ ابتدا میں مشکل ہوگی کیوں کہ جو عادت پکی ہوچکی اس کو بدل دینا یا اس کے برخلاف چلنا مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں۔ اور جب اپنے ذہن کو اس بات پر یکسو کرلیں کہ ربّ کی رضا اور رسولؐ کی اطاعت اِسی میں ہے تو پھر نیت پر بھی اجر ہے۔ اللہ مدد کرنے والا ہے۔
میری آپ سے یہی گزارش ہے کہ آپ بازار کھلنے اور بند ہونے کے اوقات کا تعین کریں اور اِس فیصلے میں اپنی کابینہ کے ارکان اور تاجر برادری کے نمائندوں کو بھی اعتماد میں لیں۔ اللہ سے مدد طلب کریں کہ وہ ایک بہترین متفقہ فیصلہ کرنے میں آپ لوگوں کی رہنمائی فرمائے۔ آمین۔
اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس رتبے کا حامل بنایا ہے اپنے اختیارات کو خلق خدا کی بھلائی کے لیے استعمال کریں اور اس بات کا خاص اہتمام کریں کہ جو بھی احکامات جاری کریں ان پر عمل درآمد بھی ہو اور کوئی چور دروازہ نہ کھلنے پائے۔ قدم بڑھایے مراد علی شاہ قوم آپ کے ساتھ ہے۔
اُم احسن- ڈیفنس فیزI