افغانستان،فضائی حملے میں طالبان کے 7 کمانڈر ہلاک

197

افغانستان میں فضائی حملے اور سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران طالبان کے 7 کمانڈر اورداعش کے3جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ 3کو گرفتارکرلیاگیا ، قندوز میں دیسی ساختہ بم پھٹنے کے نتیجے میں طالبان کمانڈر سمیت 4جنگجو مارے گئے۔

افغان میڈیاکے مطابق جنوبی صوبہ ہلمند میں فضائی حملے میں طالبان کے 7کمانڈر ہلاک ہوگئے ۔وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی صوبہ ہلمند کے ضلع گرامیسر میں فضائی کاروائی کے دوران طالبان کے 7کمانڈ ر ہلاک اور 7دیگر زخمی ہوگئے ۔وزارت دفاع کا مزید کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ملا مجاہد،ملا آغا محمد عرف ملا ماشر،سابق فرضی ضلعی چیف مولوی مصطفیٰ اور مولوی ہدایت شامل ہیں۔ہلمند جنوبی افغانستان کے شورش زدہ علاقوں میں واقع ہے جہاں طالبان عسکریت پسند مختلف اضلاع میں سرگرم ہیں۔

ادھر مشرقی صوبہ ننگرہا رمیں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں داعش کے 3جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ 3کو گرفتارکرلیا گیا ۔صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کو ضلع ہیسکا مینامیں خصوصی آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا۔

صوبائی گورنر کے ترجمان عطااللہ کھوگیانی کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران 3جنگجو مارے گئے جبکہ تین کو گرفتارکرلیا گیا ۔ شمالی صوبہ قندوز میں دیسی ساختہ بم پھٹنے کے نتیجے میں طالبان کمانڈر ہلاک ہوگیا۔وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیاہے کہ واقعہ ضلع دشت آرچی میں پیش آیا جہاں بم نصب کرتے ہوئے دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طالبان کمانڈرسمیت 4جنگجو ہلاک ہوگئے ۔طالبان کمانڈر کی شناخت طوفان کے نام سے ہوئی ہے۔