عراق،کرد فورسز نے بعشیقہ شہر کا قبضہ حاصل کرلیا

179

کرد فورسز نے موصل کے قریب بعشیقہ شہر کا قبضہ دوبارہ حاصل کر لیاجسے داعش کے گڑھ موصل کو بازیاب کرانے کے سلسلے میں اسے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،دوسری جانب موصل کے قریب شدت پسند گروپ داعش نے عراقی سکیورٹی فورسز کے 295 سابق ارکان کو یرغمال بنا لیا۔

غیر ملکی میڈیاکے مطابقکرد فورسز نے داعش کے قبضے سے عراقی شہر بعشیقہ کو چھڑا لیا ہے۔ داعش کے گڑھ موصل کو بازیاب کرانے کے سلسلے میں اسے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ کرد پیشمرگہ فورسز کی طرف سے بعشیقہ کو چھڑانے کے لیے آپریشن کا آغاز دو روز قبل کیا گیا تھا۔ موصل کو چھڑانے کے لیے ملٹری آپریشن چار ہفتے قبل شروع کیا گیا تھا اور تین اطراف سے اس شہر کی جانب پیشقدمی جاری ہے۔ کرد علاقائی وزارت کے ترجمان جبار یاور کے مطابق بعشیقہ شہر اب مکمل طور پر کرد فورسز کے قبضے میں ہے۔

دوسری جانب موصل کے قریب شدت پسند گروپ داعش نے عراقی سکیورٹی فورسز کے 295 سابق ارکان کو یرغمال بنا لیا ہے ۔اقوم متحدہ میں انسانی حقوق سے متعلق محکمے کی ترجمان روینا شامداسانی کے بقول داعش کے جنگجو موصل کے قریبی شہر حمام العلیل سے پسپا ہوتے ہوئے 1500 خاندانوں کو بھی اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان افراد کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ عراقی سکیورٹی فورسز کے ارکان ملک کے شمالی شہر موصل کو داعش سے آزاد کرانے کے لیے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔