افغان  پارلیمنٹ کا وزیر خارجہ سمیت تین وزرا کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار

236

 افغانستان کی پارلیمنٹ نے وزیر خارجہ سمیت تین وزرا کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے جس کے بعد یہ تینوں اپنے عہدوں پر فائز نہیں رہ سکیں گے۔

 ہفتے کے دن جن وزرا کو وولسی جرگہ یعنی پارلیمان کے ایوان زیریں میں اعتماد کا ووٹ نہیں ملا ان میں وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی، پبلک ورکس کے وزیر محمود بلیغ ، اور محنت، سماجی امور، شہدا اور معذوروں کی وزارت کی وزیر نسرین اوریاخیل شامل ہیں۔ رائے شماری کے نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے ایوان زیریں کے اسپیکر عبدالرف ابراہیمی نے صدر اشرف غنی سے کہا کہ وہ قانون سازوں سے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے تین نئے وزرا کے نام پیش کریں۔

رپورٹ کے مطابق ربانی نے ایک سو چالیس، محمود بلیغ نے ایک سو چونسٹھ اور اوریا خیل نے ایک سو چوالیس ووٹ حاصل کئے ہیں-پارلیمنٹ کی طرف سے تین وزرا پر عدم اعتماد کا اظہار پہلے ہی مختلف اختلافات سے دوچار افغانستان کی متحدہ قومی حکومت کے لیے ایک اور دھچکا ہے۔صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے درمیان مختلف اعلی عہدوں پر تعیناتی سے متعلق اختلافات پائے جاتے رہے ہیں۔صلاح الدین ربانی نے گزشتہ سال فروری میں وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالا تھا جس کے چند ماہ بعد محمود بلیغ اور نسرین اوریاخیل کی کابینہ میں شمولیت ہوئی تھی۔ان وزرا کو اعتماد کا ووٹ نہ دینے کی وجہ سرکاری بجٹ میں خردبرد بتائی گئی ہے۔ عدم اعتماد کی یہ تحریک ایسے میں انجام پائی ہے کہ افغانستان کو مالی بحران اور اسی طرح طالبان اور داعش کی دہشت گردانہ کارروائیوں کا سامنا ہے-