فیس بک نے اپنے بانی سمیت متعدد صارفین کو ’’مردہ‘‘ قرار دیدیا 

243

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنے بانی مارک زکربرگ سمیت دیگر متعدد صارفین کو ’’مردہ‘‘ قرار دیدیا تاہم اس ‘خوفناک غلطی’ کا احساس ہوتے ہی اسے درست کرلیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیس بک کے ترجمان نے بتایا ہے کہ وفات پاجانے والے افراد کی پروفائل کے لیے مخصوص پیغام بہت مختصر وقت کے لیے دیگر فیس بک اکانٹس پر پوسٹ ہوگیا۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک خوفناک غلطی تھی جسے اب درست کرلیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس طرح کے تقریبا 2 ارب پیغامات پروفائل پیجز پر شیئر ہوئے تھے۔دلچسپ بات یہ کہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی پروفائل پربھی یہ پیغام پوسٹ ہوگیا، جس میں لوگوں سے کہا گیا کہ جو لوگ ان سے محبت کرتے ہیں، انھیں دیگر لوگوں کی جانب سے خراج عقیدت کے طور پر کی گئی پوسٹس کو دیکھ کر سکون ملے گا۔بس پھر کیا تھا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی اس حوالے سے پیغامات کی بھرمار شروع ہوگئی اور فیس بک ڈیڈ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ لوگوں نے ٹوئیٹس شروع کردیں۔ایک صارف نے روتے ہوئے ایموجیز کے ساتھ لکھا کہ ‘بدقسمت مارک، ایک اچھے انسان کے ساتھ یہ نہیں ہوسکتا’۔

دوسری جانب سرچ انجن لینڈ اور مارکیٹنگ لینڈ کے بانی ایڈیٹر ڈینی سولیوان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ‘ مجھے فیس بک لائیو استعمال کرنا چاہیے تھا تاکہ یہ پتہ چلتا کہ فیس بک پر میری موت کیسے ہوئی’۔ایک صارف کا کہنا تھا، ‘میرا خیال ہے کہ یہ فیس بک کی جانب سے ان لوگوں پر شدید تنقید کی ایک کوشش ہے جو اندر اندر ہی مر گئے تھے۔