بھارت اور انگلینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے ختم

154

بھارت اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ دلچسپ مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا، انگلینڈ نے پانچویں اور آخری روز اپنی دوسری اننگز 260 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کرکے بھارت کو جیت کیلئے 310 رنز کا ہدف دیا۔ کپتان ایلسٹر کک نے 130 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔

 تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز راجکوٹ میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 260 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کرکے بھارت کو جیت کیلئے 310 رنز کا ہدف دیا۔ ایلسٹر کک اور اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے حسیب حمید نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 180 رنز کی شراکت قائم کی، ایلسٹر کک نے 30ویں ٹیسٹ سنچری سکور کی اور 130 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ حسیب حمید نے 82 رنز بنائے۔ امیت مشرا نے دو اور ایشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 بھارت نے کھیل کے اختتام پر6 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے، اس طرح یہ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔ مرلی وجے 31 ، گوتم گمبھیر صفر، پجارا 18 ، راہانے ایک، ایشون 32 اور ساہا 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ویرات کوہلی 49 اور روندرا جدیجا 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، عادل راشد نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔