فضاؤں،پانیوں اور سرزمین کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں،خواجہ آصف

212

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہم پاکستان کی فضاؤں،پانیوں اور سرزمین کی حفاظت اور دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں،خظے میں توازن برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں،پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہو نے کے ہمارے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں،یہ شواہد عالمی برادری کے بھی حوالے کیے گئے ہیں۔

وہ جمعہ کو ایوان زیریں میں لائن آف کنٹرول کی صورت حال پر بحث میں حصہ لے رہے تھے،انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کی تقرری کوئی ایشو نہیں ہے ذوالفقار علی بھٹو کے سارے دور میں عزیز احمد کو معاون خصوصی خارجہ امور بنائے رکھا اور کسی کو وزیر خارجہ نہیں بنایا۔ ہمارے دور میں مشیر خارجہ تو موجود ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے تحریک از سر نو زندہ کردی ہے بھارت اس تحریک کو دبانے کے لئے ظلم کررہا ہے۔ بھارت میں بارہ سے تیرہ آزادی کی مزید تحاریک چل رہی ہیں مودی انتخابات جیتنے کے لئے انتہا پسندی کو ہوا دے رہا ہے۔ مودی گجرات کی خون آلود سیاست کا ورثہ لے کر آئے ہیں اور اسے سارے بھارت پر مسلط کرنا چاہتا ہے۔ بھارت پاکستان کے کے اندر کئی سالوں سے دہشت گردی کی سرپرستی کررہا ہے افغانستان سے بھی اور بھارت سے بھی۔ ان کا جاسوس پکڑا گیا ہمارے پاس بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں ہم نے یہ شواہد عالمی برادری تک پہنچائے ہیں۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا بھارت کو سب سے زیادہ مسئلہ سی پیک سے ہے ۔ سی پیک ضرور کامیاب ہوگا کیونکہ اس میں ساری قوم متحد ہے سی پیک کی کامیابی سے پاکستان کا عالمی سطح پر کردرا اور وقار بڑھے گا۔ دیگر ممالک بھی اسی منصوبے کی طرف متوجہ ہونگے۔ اس منصوبے سے ہمارا عالمی سطح پر قد کاٹھ اور وزن بڑھے گا۔ دفاع بھی مضبوط ہوگا۔ ہم جارحیت نہیں کرتے مگر ان کی جاحیت کا منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے۔ ہم سرزمین پاکستان کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے۔ فضاؤں،پانیوں اور سرزمین کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہم ایک توازن برقرار رکھنے کی کوشش کررہے ہیں اگر نہ رہا تو دشمن کو بھرپور جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔