سندھ ورکرز کنونشن کے انتظامات مکمل کر لیے گئے،باغ جناح میں عارضی شہر بسا دیا گیا

254

جماعت اسلامی کے تحت دوروزہ ورکرز کنونشن کا آغاز ہفتہ کو صبح 10بجے باغ جناح کراچی میں ہو گا۔کنونشن میں کراچی سمیت سندھ بھر سے ہزاروں مردو وخواتین شریک ہوں گے ۔جن میں علماء کرام ،اساتذہ ،وکلاء ،ڈاکٹرز ،انجینئرز ،صحافی ،تاجر ،طلبہ ،ورکنگ وومین ،مزدور و محنت کش اور سندھ کے ہاری اور کسان سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد اور مختلف دینی وسیاسی جماعتوں کے رہنماء بھی شامل ہوں گے۔نوجوان ،بزرگ،بچے سب بہت بڑی تعداد میں شر یک ہوں گے۔کنونشن کی تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی اور تقریباً ایک ہفتے کی دن رات محنت اور کوششوں کے بعد باغ جناح میں ایک چھوٹا سا عارضی شہر بسا دیا گیا ہے۔

مردو خواتین کے لیےالگ الگ رہائش گاہوں کے علاوہ ایک بڑی فوڈ کورٹ سمیت مختلف مصنوعات کے لیے درجنوں اسٹالز لگائے گئے ہیں ۔متعدد کمیٹیوں پر مشتمل ماہرین اور تجربہ کار افراد اور سیکڑوں کارکنوں نے مل کربڑے پیمانے پر انتظامات کیے ہیں ۔وضو گاہیں اور واش رومز بھی بنائے گئے ہیں جبکہ خواتین کے لیے تمام ضروری انتظامات علیحدہ کیے گئے ہیں جس میں خواتین کی اجتماع گاہ بھی شامل ہے۔باغ جناح میں ایک وسیع اجتماع گاہ اور کئی کنٹینروں کے ذریعے ایک بڑا اور بلند اسٹیج بنا یا گیا ہے ۔میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں ابتدائی طبی امداد اور ادویات کا انتظام کیا گیا ہے۔

دو روزہ کنونشن کی کوریج کے لیے ایک بڑی پریس گیلری اور سوشل میڈیا کیمپ بھی لگایا گیا ہے۔ کنونشن کی کوریج کے لیے بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں،سینئر صحافیوں،کالم نگاروں،تجزیہ کاروں،مقامی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو بھی خصوصی طور پردعوت دی گئی ہے۔جن میں اندرون سندھ اور سندھی پریس سے وابستہ صحافی بھی شامل ہیں ۔میڈیا کے نمائندوں کے لیے خصوصی پاس بھی جاری کیے گئے ہیں۔باغ جناح میں داخلے کے لیے خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ راستے بنائے گئے ہیں،جبکہ کار پارکنگ کے لیے وسع انتظامات کیے گئے ہیں۔جماعت اسلامی یوتھ کے درجنوں نوجوان ٹریفک کے انتظامات کنٹرول کر نے اور ایم اے جناح روڈ اور شاہراہ قائدین پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے پر مامور کیے گئے ہیں اور اس امر کا خصوصی طور پر خیال رکھا گیا ہے کہ شہر کے وسط میں ہونے والے ہزاروں افراد کے اتنے بڑے کنونشن کے انعقاد سے شہر کے عام افراد اور مسافروں کو کوئی زحمت اور پریشانی نہ ہو۔

علاوہ ازیں باغ جناح کے اندر سیکوریٹی کا بھی خصوصی طور پر انتظام کیا گیا ہے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد کو اس ذمہ داری پر لگایا گیا ہے ۔بچوں کے لیے گوشہ اطفال بھی بنایا گیا ہے اور ایک بڑے استقبالیہ کیمپ پر شرکاء کی رجسٹریشن کا انتظام کیا گیا ہے۔ کنونشن شر کاء کی تعداد کے اعتبار سے تایخی اور انتظامات کے لحاظ سے مثالی ہو گا اور کراچی میں اس قبل کسی بھی سیاسی جماعت کا اتنا بڑا اجتماع نہیں ہوا ہو گا۔