ایڈیلیڈ ٹیسٹ،تیسرےدن کا اختتام،جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں194 رنز بنالئے

142

آسٹریلوی ٹیم ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 124 رنز کی برتری کے ساتھ 383 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،عثمان خواجہ نے 145 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کائل ایبٹ اور کگیسو ربادا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ نے کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لئے اور اسے 70 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو ایڈیلیڈ اوول میں ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 307 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو عثمان خواجہ 138 اور مچل سٹارک 16 رنز پر کھیل رہے تھے،عثمان خواجہ گزشتہ روز کے سکور میں سات رنز کا اضافہ کرنے کے بعد ورنن فلینڈر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ مچل سٹارک نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، نیتھن لائن 13 اور جیکسن برڈ 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جوش ہیزل ووڈ 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح آسٹریلیا کی ٹیم 124 رنز کی برتری کے ساتھ 383 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کائل ایبٹ اور کگیسو ربادا نے تین، تین جبکہ ورنن فلینڈر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لئے اور اسے 70 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، سٹیفن کک 81 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، ڈین ایلگر صفر، ہاشم آملہ 45 ، جے پی ڈومنی 26 ، فاف ڈوپلیسی 12 ، تیمبا بووما 21 اور کائل ایبٹ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ نیتھن لائن نے تین اور مچل سٹارک نے دو وکٹیں حاصل کیں۔