دنیا بھر میں فلسطینیوں سے یکجہتی کا عالمی دن منایا گیا

188

اسرائیلی جارحیت اور فلسطینوں پر مظالم کیخلاف دنیا بھر میں فلسطینیوں سے یکجہتی کا عالمی دن منایا گیا ،مختلف ملکوں میں سیمینارز اور تقاریب میں اسرائیلی مظالم کی مذمت اور مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہارکیا گیا ۔

 فلسطینیوں سے یکجہتی کا دن اقوام متحدہ کے تحت منایا جاتا ہے۔ کئی عشروں سے اسرائیل کی جارحیت کا شکار فلسطینی آج بھی اسرائیل کی دہشتگردی کے ہاتھوں اپنی ہی سرزمین پرقیدیوں کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، اسرائیل کی بربریت اور وحشیانہ کاروائیوں کے خلاف فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا گیا ۔اسرائیلی ریاست کے قیام کے بعد نہتے فلسطینیوں کو صیہونی ظلم وجبر برادشت کرتے 69 سال بیت گئے لیکن عالمی برداری اور اسلامی ممالک کی بے حسی کے باعث فلسطینی عوام صیہونی مظالم کی چکی میں پس رہے ہیں۔

مختلف ملکوں میں سیمینارز اور تقاریب میں اسرائیلی مظالم کی مذمت اور مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہارکیا گیا ۔29 نومبر1947کو فلسطین کو دو ریاستوں میں تقسیم کرنے کی قرارداد پیش کی گئی، جسے اسرائیل کے سرپرستوں نے منظورکرالیا۔ اقوام متحدہ1947سے فلسطین میں امن کے لیے کوشاں ہے مگراسرائیل کے مظالم اسی طرح جاری ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اسرائیلی فوجی نہتے فلسطینیوں کو شہید کرتے رہتے ہیں۔فلسطینی عوام کی جانب سے اسرائیلی تسلط سے نجات کے لیے اپنی جانوں کے نذرانہ پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ آٹھ برسوں میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں ہرسال اوسطا 560 فلسطینی شہید ہوجاتے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے گھروں کو تباہ کرنے کے واقعات گذشتہ سال کی نسبت دگنے ہوگئے، اسرائیلی دہشتگردی کی وجہ سے انفرا اسٹرکچر تباہ اور بیس لاکھ فلسطینی خراب معاشی صورتحال کا شکار ہیں۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے گھروں کو تباہ کئے جانے کے بعد ہزاروں فلسطینی کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔