افغانستان،سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں55شدت پسند ہلاک،19زخمی

169

افغانستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 33داعش کےجنگجو ؤں سمیت 55شدت پسند ہلاک اور 19زخمی ہوگئے،6کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دہشتگردوں کی9 کاروں اور 11موٹرسائیکلوں کو تباہ کردیا گیا، افغان سیکورٹی فورسز نے جنوب مشرقی صوبہ پکتیکا میں خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 18سالہ خودکش حملہ آور کو گرفتار کرلیاجبکہ بگرام ائربیس پر راکٹ حملے میں ملوث دہشتگرد کو گرفتار کرلیا گیا ۔

بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں ملک کے مختلف حصوں میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 55شدت پسند مارے گئے جن میں داعش کے 33جنگجو شامل ہیں ۔آپریشن کے دوران 11داعشی جنگجوؤں سمیت 19شدت پسند زخمی بھی ہوئے ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران افغان فضائیہ اور آرٹلری فورسز کی مدد بھی حاصل تھی جن صوبوں میں آپریشز کیے گئے ان میں ننگرہار،پکتیکا ،پکتیا،لوگر،خوست،قندھار،ارزگان،بدغیس،ہرات،فرح،فریاب،قندوز اور ہلمند شامل ہیں۔بیا ن میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران 6دہشتگردوں کو گرفتار کرلیاگیا جبکہ 9دہشتگردوں کی کاروں اور 11موٹرسائیکلوں کو تباہ کردیا گیا ۔

ادھر افغان سیکورٹی فورسز نے جنوب مشرقی صوبہ پکتیکا میں خودکش حملے کی کوشش ناکام بنادی۔مقامی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور کو بارودی جیکٹ اڑنے سے قبل گرفتارکرلیاگیا ۔صوبئی پولیس چیف خلیل اللہ کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کو شناخت کرنے کے بعد گرفتارکرلیا گیا جس کی عمر 18 سال کے قریب ہے ۔

دوسری جانب افغان انٹیلی جنس نے بگرام ائربیس پر راکٹ حملے میں ملوث کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔این ڈی ایس کا کہنا ہے کہ مشتبہ عسکریت پسند کی شناخت معروف کے نام سے ہوئی ہے جو بگرام ائربیس پر حملے سمیت دیگر حملوں میں ملوث ہے ۔