جنرل زبیرمحمود حیات کا نیول ہیڈ کوارٹردورہ

218

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اورپاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں پاک بحریہ کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بدھ کو نیول ہیڈ کوارٹرزدورہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کا عہدے سنبھالنے کے بعد نیول ہیڈ کوارٹرز کا انکا یہ پہلا دورہ ہے۔نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو خوش آمدیدکہا۔ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔سلامی کے بعدمعزز مہمان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔

 بعد ازاں، جنرل زبیر محمودحیات نے چیف آف دی نیول اسٹاف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد آپ کوخطے کی میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار اور بحرِہند میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ملاقات کے دوران نیول چیف نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو جنرل کے عہدے پر ترقی پانے اور دنیا کی بہترین فورسز میں شمار کی جانے والی پاکستان کی مسلح افواج کی کمانڈ سنبھالنے پر پر مبارک بادپیش کی۔

نیول چیف نے کہا کہ چیئرمین کی سربراہی میں مسلح افواج کے آپریشنل اور دیگر انٹر سروسز اُمورکی انجام دہی کے لئے پاک بحریہ باہمی تعاون اور یکجہتی کو مزید بڑھانے کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔نیول چیف نے پاکستان نیوی کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور اس امید کا اظہار کیا کہ جنرل زبیر محمود حیات کی کمانڈ میں پاکستان کی مسلح افواج مزید ترقی کریں گی اور اپنا بااثر تشخص برقرار رکھیں گی۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اورپاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں پاک بحریہ کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ مسلح افواج کے درمیان باہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور ان کو خطے کی مزید باصلاحیت اور باہمی مربوط فورسز بنانے کے لئے پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ ہر ممکنہ قریبی راوابط رکھیں گے ۔