اداروں سے بالاتر ہو کر پاکستان کے مفاد کیلئے سوچناہو گا،مریم اورنگزیب

172

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم ا ورنگزیب نے کہا ہے کہ اداروں سے بالاتر ہو کر پاکستان کے مفاد کیلئے سوچناہو گا ‘سپریم کورٹ میں لگائے گئے تحریک انصاف کے 4 الزامات اب کہاں گئے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہاکہ نواز شریف کے بچوں نے ثبوت عدالت میں جمع کرا دئیے ہیں ،تحریک انصاف والوں کے بیانات میں تضاد ہے ‘عدالت میں جا کر ان کا موقف تبدیل ہو جاتا ہے،محمود الرشید قوم کو فرانزک رپورٹ کا بتائیں۔

وہ بدھ کو پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی طرف سے لگائے گئے 4 الزامات اب کہاں گئے۔ تحریک انصاف آج پھر عدالت میں کوئی ٹھوس پیش نہ کر سکی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ عوام پانامہ دستاویزات کی حقیقت جان چکے ہیں۔ عمران خان اپنے جھوٹے الزامات سے ملکی ترقی نہیں روک سکتے۔ عمران جو کچھ مرضی کر لیں ملک ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ توانائی کے تمام منصوبے 2018ء تک مکمل ہو جائیں گے اور 2018ء میں کامیاب ہو کر عوام کی عدالت میں جائیں گے۔ پاکستان کو اس وقت توانائی ‘ تعلیم اور معاشی ترقی کی سخت ضرورت ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کو نواز شریف جیسی قیادت کی سخت ضرورت ہے۔

 دانیال عزیز نے کہاکہ تحریک انصاف نے پانامہ دستاویز کے معاملہ پر عوام سے مسلسل جھوٹ بولا۔ عدالت میں بھیگی بلی بن جانے والوں کا موقف کھوکھلا ثابت ہوا۔ میاں محمود الرشید 24 کمپنیوں کی ملکیت کا الزام لگانے کا جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپنے تمام ذرائع آمدن اور وسائل بیان کر چکے ہیں ان کے بیان سے منسوب من گھڑت کہانیاں بنائی جا رہی ہیں۔ عدالت کو اپنی کارروائی کرنے دی جائے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عدالت سے باہر جسٹس عمران بننے کی کوشش نہ کی جائے۔ انکوائری کمیشن بل کی قومی اسمبلی سے منظوری کو پانامہ کیس سے نہ جوڑا جائے۔