وزیر اعظم نواز شریف کا ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلیفون

166

وزیر اعظم نواز شریف نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلیفون کرکے امریکہ کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔

بدھ کو وزیر اعظم نواز شریف نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلیفون کیا اور انھیں امریکہ کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ۔وزیراعظم سے گفتگو کر تے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آپ سے جلد ملاقات کا متمنی ہوں آپ اچھی شہرت رکھتے ہیں اور آپ کی کارکردگی ہر شعبہ میں نظر آتی ہے ، آپ سے گفتگو کرکے ایسا لگا کہ جیسے ہم ایک دوسرے کو طویل عرصے سے جانتے ہوں ۔انھوں نے کہاکہ پاکستان میں آگے بڑھنے کے بہت مواقع ہیں اورپاکستانی عوام بہت ذہین ہے ۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ تصفیہ طلب مسائل کے حل کرکے کے لئے تیار ہوں ایسا کرنا میرے لئے باعث عزت ہو گا ، آپ مجھے کسی بھی وقت ٹیلیفون کر سکتے ہیں ۔ وزیر اعظم نوازشریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ پاکستان جیسے خوبصورت ملک آنے پر بہت خوشی ہو گی ۔ پاکستانی عوام بھرپور صلاحیتوں کے مالک ہیں ۔