انگلینڈ آئندہ برس پہلی بار ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر رضامندی ظاہر

154

انگلینڈ نے آئندہ برس آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ایشز سیریز میں پہلی بار ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

 کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ای سی بی نے آئندہ سال کھیلی جانے والی ایشز سیریز میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر حامی بھر لی ہے تاہم اس کی طرف سے باضابطہ اعلان کے بعد ہی ہم شیڈول کا اعلان کریں گے۔

 سی اے حکام کا کہنا ہے کہ ہم آئندہ سال انٹرنیشنل شیڈول کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور ابتدائی شیڈول کے تحت برسبین انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈے اینڈ ٹیسٹ ہوا تو وہ ایڈیلیڈ کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم اب تک دو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیل چکی ہے اور اس نے دونوں میں فتوحات اپنے نام کیں، کینگروز ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ اور اس کے بعد جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔