آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں شکست دے دی

162

آسٹریلیا نے سٹیون سمتھ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے میچ میں 68 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

تفصیلات کے مطابق سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کینگروز نے کپتان سٹیون سمتھ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے، سٹیون سمتھ نے کیریئر بیسٹ اننگز کھیلی اور 157 گیندوں پر 164 رنز بنائے جس میں چار چھکے اور چودہ چوکے شامل تھے۔ ٹریوس ہیڈ 52 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

 ڈیوڈ وارنر24،ایرن فنچ صفر،جارج بیلی17،مچل مارش ایک، میتھیو ویڈ 38 اور مچل سٹارک11رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری، ٹرینٹ بولٹ اور جیمز نیشم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 44.2 اوورز میں 256 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، مارٹن گپٹل کی 114 رنز کی طوفانی اننگز بھی نیوزی لینڈ کو شکست سے نہ بچا سکی، انہوں نے 6 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔

کولن منرو 49، جمی نیشم 34 اور میٹ ہینری 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ٹام لیتھم دو،کپتان کین ولیمسن نو،بی جے واٹلنگ چھ،مچل سینٹنر صفر،کولن ڈی گرینڈہوم چھ اور فرگوسن صفر پر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے تین جبکہ مچل مارش، پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ کو164رنز کی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔