مارٹن گپٹل نےون ڈے کرکٹ میں  5 ہزار رنز مکمل کر لئے

152

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بیٹسمین مارٹن گپٹل نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار سنچری داغ کر کیریئر کے 5 ہزار رنز مکمل کرلئے۔

مارٹن گپٹل یہ سنگ میل عبور کرنے والے پانچویں کیوی بلے باز بن گئے ہیں۔ اس سے قبل سٹیفن فلیمنگ،نیتھن ایسٹل،برینڈن میک کلم اور روس ٹیلر یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، فلیمنگ 8007 رنز بنا کر سرفہرست ہیں، ایسٹل 7090 رنز کے ساتھ دوسرے، میک کولم 6083 رنز کے ساتھ تیسرے اور ٹیلر 5826 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

مارٹن گپٹل نے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 114 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے، یہ ان کے کیریئر کی 11 ویں سنچری ہے، اس عمدہ اننگز کے ساتھ انہوں نے کیریئر کے پانچ ہزار رنز بھی مکمل کر لئے، وہ اب تک 135 میچوں میں 5069 رنز سکور کر چکے ہیں جس میں 11 سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں شامل ہیں، ان کا بہترین سکور 237 ہے جو انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا۔