آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر چیپل ہیڈلی سیریزاپنے نام کرلی

153

ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری اور مچل مارش کی دھواں دار اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 116 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر چیپل ہیڈلی ٹرافی میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

 منگل کو کینبرا میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں کیویز قائد کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، کینگروز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 378 رنز بنائے، وارنر اور فنچ نے ٹیم کو 68 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، فنچ 19 رنز بنا کر مچل سینٹنر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

 اس کے بعد وارنر نے کپتان سمتھ کے ساتھ مل کر عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور دوسری وکٹ میں 145 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 213 تک پہنچا دیا، یہاں پر وارنر 119 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد گرانڈہوم کی گیند کا نشانہ بنے، سمتھ 72 رنز بنا کر ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس موقع پر مچل مارش نے ٹریوس ہیڈ کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے سکور 319 تک پہنچا دیا، یہاں پر ہیڈ 57 رنز بنا کر ساؤتھی کی گیند کا شکار بنے، مارش نے جارحانہ انداز کو جاری رکھا اور انہوں نے میتھیوویڈ کے ساتھ مل کر سکور 357 تک پہنچا دیا، ویڈ 11 رنز بنا کر ان کا ساتھ چھوڑ گئے لیکن مارش کے غصے میں کمی نہ آئی اور انہوں نے ڈٹ کر کیویز باؤلرز کی دھنائی کی، انہوں نے 40 گیندوں پر 7 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 378 تک پہنچا دیا۔

 نیوزی لینڈ کی طرف سےٹم ساؤتھی نے 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ، مچل سینٹنر اور گرانڈہوم نے ایک، ایک وکٹ لی۔

 جواب میں کیویز ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 48 ویں اوور کی دوسری گیند پر 262 رنز پر بنا کر آؤٹ ہو گئی، کپتان کین ولیمسن اور جیمز نیشم کے سوا کیویز کا کوئی بھی بلے باز کینگروز باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، ولیمسن 81 اور جیمز نیشم 74 رنز بنا کر نمایاں رہے، مارٹن گپٹل 45، ٹام لیتھم 4، کولن منرو 11، کولن ڈی گرانڈہوم 12، مچل سینٹنر اور ٹم ساؤتھی 2، 2، میٹ ہنری 7 اور بی جے واٹلنگ 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،

آسٹریلیا کی جانب سےپیٹ کمنز نے 4، مچل سٹارک، جوش ہیزلووڈ اور جیمز فالکنر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔