ڈیوڈ وارنر نے پونٹنگ اور میتھیوہیڈن کا ریکارڈ توڑ دیا

148

جارح مزاج آسٹریلوی اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار سنچری داغ دی، یہ ان کی رواں برس چھٹی سنچری ہے، اس کے ساتھ ہی وہ کیلنڈر ایئر کے دوران چھ سنچریاں بنانے والے پہلے آسٹریلوی بلے باز بن گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈیوڈ وارنرنے رکی پونٹنگ اور میتھیوہیڈن کا ریکارڈ توڑ دیا، پونٹنگ نے 2003ء اور 2007ء سال کے دوران پانچ، پانچ سنچریاں بنائی تھیں جبکہ میتھیوہیڈن نے بھی 2007ء سال کے دوران ون ڈے میچز میں پانچ سنچریاں بنائی تھیں۔ ون ڈے کی تاریخ میں ایک برس کے دوران زیادہ سنچریاں بنانے کا عالمی اعزاز سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 1998ء میں 9 سنچریاں بنائی تھیں، بھارت کے ہی ساروگنگولی 7 سنچریاں بنا کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

وارنر ایک سال کے دوران زیادہ سنچریاں بنانے والے مشترکہ طور پر دنیا کے تیسرے بلے باز ہیں۔ منگل کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں وارنر نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور شاندار سنچری سکور کی، یہ ان کے کیریئر کی دسویں سنچری ہے۔