ہارٹ آف ایشیا کا نفرنس کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا گیا، لیاقت بلوچ

180

لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارت میں ہارٹ آف ایشیا کا نفرنس کے ذریعے نریندرمودی اور اشرف غنی نے افغانستان کے معاملہ کو سبوتاز کیا ۔عملاً پاکستان کے خلاف کانفرنس استعمال کی گئی۔ سرتاج عزیز وزیر خارجہ نہیں مشیر ہیں کانفرنس میں شرکت اور وزیر خارجہ کے نہ ہونے کے منفی اثرات کے ذمہ داروزیر اعظم نواز شریف ہی ہیں۔

جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہور میں طلبہ ،نوجوانوں اور ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابری مسجد کو شہید کیے کئی سال گزر گئے۔بھارت میں اقلیتیں غیر محفوظ اور ظلم و زیادتی کا شکار ہیں۔بابر ی مسجد کو شہید اور گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کا قاتل بھارت کا وزیر اعظم بن کر کشمیریوں ، سکھوں اور دلتوں پر ظلم کر رہا ہے۔

امریکہ اپنے مفادات کے لیے بھارت کو فرنٹ مین کی حیثیت سے سہولت کار بنائے ہوئے ہے۔امریکہ بھارت کو انسانی حقوق کی پامالی سے روکے ۔امریکی منتخب صدرڈونلڈ ٹرمپ مصالحت کی بجائے اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد کے لیے راستہ ہموار کرے تاکہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت حاصل ہو۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی پٹیشن کے ذریعے نواز شریف نا اہل ہو جائیں تو ہمیں خوشی ہوگی۔ پانامہ لیکس میں حکمران خاندان کابراہ راست احتساب ہو جائے تو اہم پیش رفت ہو گی ۔ اگر یہ نہ ہوسکا تو نوازشریف بادشاہت کی جانب 100 قدم اور آگے بڑھ جائیں گے ۔ جماعت اسلامی کی پٹیشن حکومت اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے مشترکہ ٹی او آرز کی بنیاد پر ہے ۔ سب کا مشترکہ اور متفقہ مطالبہ ہے کہ عدالتی کمیشن بنایا جائے اور بلاامتیاز احتساب اور تحقیقات ہوں ۔