ممبئی ٹیسٹ،دوسرے روز کے اختتام تک بھارت نے 146 رنز بنالیے

142

بھارت نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 146 رنز بنا لئے، میزبان ٹیم کو مہمان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 254 رنز کی ضرورت ہے اور ابھی اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔

جمعہ کو ممبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلش ٹیم نے 288 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو بین سٹوکس 25 اور جوز بٹلر 18 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے تیسرے ہی اوور میں ایشون نے سٹوکس کو آؤٹ کر کے ٹیم کو چھٹی کامیابی دلائی، سٹوکس 31 رنز بنا کر چلتے بنے، عادل رشید 11 رنز بنا کر روندرا جدیجہ کا شکار بنے، 334 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد جیک بال نے بٹلر کا ساتھ دیا، دونوں نے نویں وکٹ میں 54 اہم رنز جوڑ کر سکور 388 تک پہنچا دیا، یہاں پر ایشون نے جیک بال کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنر شپ توڑ ڈالی، جیک بال نے 31 رنز بنائے، 400 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی آخری وکٹ گری جب بٹلر 76 رنز بنانے کے بعد جدیجہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

 بھارت کی جانب سےایشون کامیاب ترین باؤلر رہے جنہوں نے 6 وکٹیں لیں جبکہ جدیجہ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں بھارتی ٹیم نے جب پہلی اننگز شروع کی تو لوکیش راہول اور مرلی وجے ٹیم کو 39 رنز کا آغاز فراہم کر سکے،راہول 24 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے، اس موقع پر وجے اور پوجارا نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر انگلش باؤلرز کا مقابلہ کیا مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ میں 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، اسطرح دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے ایک وکٹ پر 146 رنز بنا لئے تھے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 254 رنز درکار ہیں اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں، وجے 70 اور پوجارا 47 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔ معین علی نے ایک وکٹ لی۔