ممبئی ٹیسٹ،بھارت نے تیسرے روز کے اختتام تک 451 رنز بنالیے

152

ویرات کوہلی اور مرلی وجے کی شاندار سنچریوں کی بدولت بھارت نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں پر 451 رنز بنا لئے اور اسے مہمان ٹیم کے خلاف 51 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے، کوہلی 147 اور جیانت یاداو 30 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

 ہفتہ کو ممبئی ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارتی ٹیم نے 146 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو مرلی وجے 70 اور چیتشورپوجارا 47 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر جیک بال نے پوجارا کو آؤٹ کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی، پوجارا سکور میں اضافہ کئے بغیر 47 رنز بنا کر بولڈ ہوئے، اس موقع پر وجے اور کپتان کوہلی نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 116 رنز کی قیمتی شراکت بنا کر سکور 262 تک پہنچا دیا، یہاں پر عادل نے وجے کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی،وجے نے 136 رنز بنائے۔ بھارت کی اگلی تین وکٹیں جلد گریں، کرن نائر 13، پارتھیوپٹیل 15 اور ایشون صفر پر آؤٹ ہوئے، جدیجا نے کپتان کا ساتھ دینے کی کوشش کی لیکن 364 کے مجموعی سکور پر ان کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 25 رنز بنا کر عادل کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر جیانت یاداو نے بھرپور طریقے سے کوہلی کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور دن ختم ہونے تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا۔

اس طرح تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے 7 وکٹوں پر 451 رنز بنا کر 51 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، کوہلی 147 اور یاداو 30 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔