اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا

177

اے بی ڈی ویلیئرز نے جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا جبکہ بورڈ نے فیف ڈوپلیسی کو مستقل کپتان مقرر کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اے بی ڈی ولیئرز نے جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈی ولیئرز کو رواں سال جنوری میں ہاشم آملہ کی جانب سے استعفے کے بعد ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد ان کی قیادت میں ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچ کھیلے تھے تاہم انجری کے باعث نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف منعقدہ سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔

اے بی ڈی ویلیئرز نے کپتانی سے کنارہ کشی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ‘مجھ سمیت کسی کے بھی ذاتی مفاد سے ذیادہ ہمیشہ ٹیم کا مفاد مقدم ہونا چاہیے، یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات تھی کہ مجھے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنے کو کہا گیا لیکن میں دو سیریز میں شرکت نہیں کرسکا اور اب سری لنکا کے خلاف سیریز میں بھی شبہات ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں ٹیم کی غیرمعمولی کارکردگی کے بعد ٹیم کے مفاد میں یہ واضح ہوا ہے کہ فیف ڈوپلیسی کو ٹیسٹ ٹیم کا مستقل کپتان مقرر کرنا چاہیے۔

فاف ڈوپلیسی کے ساتھ تعلق کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں فاف ڈوپلیسی کو تقریباً20 برسوں سے جانتا ہوں یہاں تک کہ ہم نے ایک ہی اسکول میں کھیلا اور اگر انھیں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے لیے کہا گیا تو میری حمایت ان کے ساتھ ہوگی۔