آرمی چیف کا کور ہیڈ کوارٹرزکراچی اور رینجرز ہیڈ کوارٹر کا دورہ

126

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں قیام امن اور آپریشن کے دوران حاصل کامیابیوں کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، دہشتگردوں کی باقیات اور انکے سلیپر سیلز کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، کراچی ملک کا معاشی حب ہے ،کراچی میں امن و امان کی صورتحال ملک بھر کی اقتصادی صورتحال پر اثرانداز ہوتی ہے، پاک فوج شہر میں قیام امن اور جرائم کے خاتمے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو تربیت فراہم کرنے اورانکی استعداد کار میں اضافے کیلئے صوبائی حکومت کی ہرممکن مدد کرے گی۔

بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز اور رینجرز ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا ۔آرمی چیف کوکراچی سمیت سندھ کی موجودہ امن و امان کی صورتحال اورآپریشن کی اب تک کی کامیابیوں اورآیندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری پر فوج ،رینجرز،قانون نافذ کرنے والے اداروں ،انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے ،کراچی میں امن و امان کی صورتحال ملک بھر کی اقتصادی صورتحال پر اثرانداز ہوتی ہے۔آرمی چیف نے کہاکہ کراچی میں قیام امن کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، دہشتگردوں کی باقیات اور انکے سلیپر سیلز کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔

جنرل قمر باجوہ نے کراچی میں قیام امن کیلئے تعاون اور شہریوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ آپریشن کے دوران حاصل کامیابیوں کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اورشہر میں مکمل قیام امن تک آپریشن جاری رہے گا۔آرمی چیف نے کراچی کے امن کو لاحق خطرات سے نمٹنے کیلئے سول اور فوجی ایجنسیاں مربوط کوششیں کریں۔آرمی چیف نے کہاکہ پاک فوج شہر میں قیام امن اور جرائم کے خاتمے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو تربیت فراہم کرنے اورانکی استعداد کار میں اضافے کیلئے صوبائی حکومت کی ہرممکن مدد کرے گی۔