ڈیل سٹین نے آئندہ سال جون میں واپسی کو ہدف بنالیا

198

جنوبی افریقن ٹیم کے سٹار فاسٹ باؤلر ڈیل سٹین نے کہا ہے کہ انجری سے مکمل نجات حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں اور آئندہ برس جون میں ٹیم میں واپسی ہدف ہے۔

ڈیل سٹین گزشتہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز کندھے کی ہڈی تڑوا بیٹھے تھے جس کے بعد ان کے کندھے کی کامیاب سرجری کی گئی اور اب وہ قریباً چھ ماہ تک کرکٹ میدانوں سے دور رہیں گے۔ سٹین کو جنوبی افریقہ کا کامیاب ترین ٹیسٹ باؤلر بننے کیلئے 5 وکٹیں درکار ہیں۔ سٹین نے 417 وکٹیں لے رکھی ہیں جبکہ شان پولاک 421 وکٹیں لے کر سرفہرست ہیں۔

 مایہ ناز فاسٹ باؤلر نے اپنے بیان میں کہا کہ بحالی صحت کا عمل تیزی سے جاری ہے اور مجھے یقین ہے کہ فروری کے آخر تک میں دوبارہ ٹریننگ شروع کرنے کے قابل ہو جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ اب میں سو فیصد فٹ ہونے کے بعد ہی دوبارہ میدان کا رخ کروں گا تاہم جون میں ٹیم میں کم بیک کرنا ہدف ہے اور اس کیلئے میں سرتوڑ کوشش کروں گا۔