سراج الحق کا پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی کے بائیکاٹ کوختم کرنے کے فیصلےکا خیر مقدم

191

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعظم کی طرف سے قوم سے اپنے خطاب اور قومی اسمبلی سے اپنی تقاریر سے اعلیٰ عدلیہ میں لاتعلقی کا اظہارپارلیمانی جمہوریت کی تاریخ پر بدنما داغ ہے جس سے قومی اسمبلی کا استحقاق بھی مجروح ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے جماعت اسلامی کے ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں پارلیمانی جمہوریت کے بجائے خاندانی جمہوریت کا راج ہے ،اسے بدلنے کیلئے سیاسی جماعتوں کو بدلنا پڑے گا۔انہوں نے تحریک انصاف کی پارلیمنٹ میں واپسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے احتساب کیلئے اپوزیشن کو اکٹھے ہوناچاہئے۔سراج الحق نے واضح کیا کہ معاملہ پانامہ لیکس پر کمیشن بننے یا نہ بننے کا نہیں بلکہ فوری اورسرعام احتساب کا ہے ،جس کیلئے اپوزیشن کو متحد ہوکر لائحہ عمل بنانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اگر آف شور کمپنیوں کا حساب نہ لیا گیا تو یہ سانحہ سقوط ڈھاکہ بن جائے گا۔