آسٹریلوی کپتان کو پاکستانی بولنگ کا خوف ستانے لگا

156

آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ کو پاکستان کے خلاف پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ سے قبل گرین کیپس کے پیس اٹیک کا خوف ستانے لگا۔

برسبین میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سیریز کا آغاز ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ سے ہونا اچھی بات ہے اور یہ گابا میں پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ ہو گا اس لئے اس کا بے چینی سے انتظار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولر مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ اچھی فارم میں اور یہ دونوں ہمارے اہم ہتھیار ہیں اور عام طور پر جنوبی ایشیائی ٹیموں کو عام طور پر آسٹریلین کنڈیشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لئے ہم شارٹ پچ گیندوں اور بانسر کی مدد سے پاکستانی بلے بازوں کا امتحان لیں گے۔

اسٹیون اسمتھ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس بھی محمد عامر اور وہاب ریاض کی صورت میں خطرناک ہتھیار موجود ہیں، عامر بہت اچھے پیس سے سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اگر انہوں نے اسی پیس اور سوئنگ کے ساتھ گیند کرائی تو وہ پاکستان کے لئے بہت کارآمد ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس یاسر شاہ کی صورت میں اچھا اسپنر بھی موجود ہے اور گابا کی وکٹ پر اسپنر کو اضافی بانس بھی ملتا ہے لیکن یہ بانس اسپنر کے خلاف بھی جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہو گا جو کل سے برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔