پاکستان کا جدید ترین کروز میزائل بابر 2 کا کامیاب تجربہ

158

پاکستان نے جدید ترین کروز میزائل بابر 2کا کامیاب تجربہ کرلیا،میزائل 700کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے،زمین اور سمندر میں مار کرنے اور ہرقسم کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے،بابر2میزائل میں جدید ترین اسٹیلتھ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے ،صدر ممنون حسین ،وزیراعظم نوازشریف اورچیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے بابر2کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد پیش کی ہے ۔

بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے جدید ترین کروزمیزائل بابر2کا کامیاب تجربہ کیا ہے،میزائل زمین اور سمندر میں ٹھیک طور پر اپنے ہدف کو 700کلومیٹر تک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے،میزائل میں جدید اسٹیلتھ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے اور یہ میزائل مختلف قسم کے وار ہیڈ ز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے،بابرویپن سسٹم پاکستان کے اسٹریٹجک دفاع کیلئے دوہری اہمیت کا حامل ہے،میزائل کے تجربے کی تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ،اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے سینئر افسران ،اسٹریٹجک فورسز سائنسدانوں اور اسٹریٹجک اداروں کے انجینئرز بھی موجود تھے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے بڑی قیمت اور اہمیت کے ایک اور سنگ میل کے حصول پر سائنس دانوں اور انجیئنروں کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ تکنیکی طاقت، لگن اور سائنسدانوں کی وابستگی اس تجربے کی کامیابی میں اہم کردار اداکیا جو قابل تعریف ہے ۔چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے اسٹریٹجک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور اسٹریٹجک فورسز اور آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتما د کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میزائل تجربے سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا ۔

صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے بھی بابر2کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد پیش کی۔