چنائی ٹیسٹ،انگلینڈ نےپہلے روزکے اختتام تک284 رنز بنا لئے

101

بھارت اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنا لئے، معین علی 120 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہے، جو روٹ 88 اور جونی بیئرسٹو 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ روندرا جدیجا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایم اے چدمبرم سٹیڈیم، چنائی میں شروع ہونے والے سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اسے پہلا نقصان 7 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب کیٹن جینگز ایک رن بناکر ایشانت شرما کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ایلسٹر کک بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 10 رنز بنانے کے بعد روندرا جدیجا کی گیند پر کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر جو روٹ اور معین علی نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 146 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 167 تک پہنچا دیا، جو روٹ بدقسمت رہے اور 12 رنز کے فرق سے سنچری مکمل نہ کر سکے انہیں بھی جدیجا نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد جونی بیئر سٹو نے بھی معین علی کا بھرپور ساتھ دیا، دونوں کے درمیان 86 رنز کی شراکت قائم ہوئی، بیئر سٹو انگلینڈ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 49 رنز بناکر جدیجا کی گیند پر لوکیش راہول کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد معین علی اور بین سٹوکس نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر ٹیم کا سکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 284 تک پہنچا دیا، معین علی نے پانچویں ٹیسٹ سنچری بنائی اور وہ 120 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ بین سٹوکس 5 رنز پر ان کا ساتھ دے رہے ہیں، روندرا جدیجا نے تین اور ایشانت شرما نے ایک وکٹ حاصل کی۔