چنئی ٹیسٹ،انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 477 رنز پر آؤٹ

139

بھارت نے انگلینڈ کے خلاف آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان 60 رنز بنا لئے تھے اور اسے مہمان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 417 رنز درکار  ہیں۔

 ہفتہ کو چنائی ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلش ٹیم نے 284 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو معین علی 120 اور بین سٹوکس 5 رنز پر کھیل رہے تھے، سٹوکس دن کے پہلے ہی اوور میں ایشون کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، وہ 6 رنز بنا پائے، جوز بٹلر بھی بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور 5 رنز بنا کر ایشانت شرکا کی گیند کا نشانہ بنے، 321 کے مجموعی سکور پر معین علی 146 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اومیش یادو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس موقع پر لیام ڈاسن اور عادل رشید بھارتی باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں نے آٹھویں وکٹ میں 108 رنز کی اہم شراکت جوڑ کر ٹیم کا سکور 429 تک پہنچا کر اس کی پوزیشن مستحکم کر دی، یہاں پر اومیش یادو نے راشد کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ ڈالی، راشد نے 60 رنز بنائے، 455 کے سکور پر انگلینڈ کی نویں وکٹ گری اور براڈ 19 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، 477 کے سکور پر انگلینڈ کی آخری وکٹ گری جب جیک بال 12 رنز بنا کر مشرا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

انڈیا کی جانب سے جدیجہ نے 3 جبکہ اومیش یادو اور ایشانت شرما نے 2، 2 ایشون اور مشرا نے ایک، ایک وکٹ لی۔

 جواب میں بھارتی ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان 60 رنز بنا لئے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 417 رنز درکار ہیں، راہول 30 اور پٹیل 28 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔