سابق ہیڈ کوچ کا یونس خان پر اظہار برہمی

267

قومی ٹیم کے سابق کوچ اور مایہ ناز فاسٹ بالر وقار یونس نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں تجربہ کار بلے باز یونس خان کے ریورس سوئپ شاٹ کھیلتے ہوئے آئوٹ  ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

یونس خان کے غلط شارٹ پر سابق کوچ وقار یونس خوب برسے اور میچ پر کمنٹری کرتے ہوئے مڈل آرڈر بیٹسمین پر کڑی تنقید کی۔آسٹریلیا کے خلاف برسبین ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں گولڈن ڈک کا شکار ہونے والے یونس خان نے دوسری اننگز میں فارم میں واپس آتے ہوئے 65 رنز بنائے اور ایک ایسے موقع پر جب وہ بالکل سیٹ نظر آ رہے تھے، ناتھن لیون کی گیند پر ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں وہ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔وقار یونس نے اس شاٹ کو غیر ذمے دارانہ قرار یتے ہوئے سوال کیا کہ ایک ایسے موقع پر جب ٹیم مشکلات سے دوچار تھی اور اسے یونس کی ضرور تھی تو ایسے میں انہیں یہ شاٹ کھیلنے کی ضرورت کیا تھی؟انہوں نے کہا کہ اتنے تجربہ کار بلے باز کو ایسا شاٹ کھیلنے کی ضرورت نہیں تھی، انہوں نے 65 رنز ضرور بنائے لیکن یہ ایک بہت برا شاٹ تھا۔

وقار نے تجربہ کار بلے باز کی بیٹنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چار گیند قبل ہی گیند وکٹ کے کھردرے حصے میں پڑنے کے بعد زیادہ ٹرن ہوئی تھی اور باؤنس بھی زیادہ تھا اور پھر یونس نے اس طرح کا شاٹ کھیلا حالانکہ وہ شاٹ کھیلنے کے کنٹرول میں نہیں تھے۔ میرے پاس اس ناقص شاٹ کیلئے الفاظ نہیں ہیں۔