تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ جاری،پاکستان تیسرے نمبر پر آ گیا

128

بھارتی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیم رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کے ساتھ سال 2016ء کا اختتام کرنے میں کامیاب رہی، پاکستانی ٹیم ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر آ گئی جبکہ انگلش ٹیم بھارت کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں 4-0 سے شکست کے بعد تین درجے تنزلی کا شکار ہو کر دوسرے سے پانچویں نمبر پر چلی گئی۔

 آئی سی سی نے منگل کو بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے بعد تازہ ترین رینکنگ جاری کی جس کے تحت بھارتی ٹیم انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز 4-0 سے جیتنے کے بعد 5 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور 120 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم کر دی، اس کے ساتھ ہی بھارت نے ٹاپ پوزیشن کے ساتھ سال کا اختتام کیا، شکست خوردہ انگلش ٹیم تین درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلی گئی، آسٹریلوی ٹیم تیسرے سے دوسرے، پاکستانی ٹیم ترقی پا کر چوتھے سے تیسرے اور جنوبی افریقن ٹیم پانچویں سے چوتھے نمبر پر آ گئی، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے ریٹنگ پوائنٹس برابر ہیں۔نیوزی لینڈ چھٹے، سری لنکا ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور زمبابوے دسویں نمبر پر موجود ہے۔

 واضح رہے کہ یکم اپریل 2017ء کو آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر رہنے والی ٹیم کو 10 لاکھ ڈالرز انعام ملے گا، دوسری پوزیشن پر قائم ٹیم 5 لاکھ ڈالر جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشنز والی ٹیموں کو بالترتیب 2 لاکھ اور ایک لاکھ ڈالرز انعام ملے گا۔