بھارت نے انگلینڈ کو چنئی ٹیسٹ میں شکست دے دی

112

کرن نائر کی شاندار ٹرپل سنچری اور روندرا جدیجہ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بھارت نے انگلینڈ کو پانچویں اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 75 رنز سے ہرا کر سیریز 4-0 سے جیت لی، انگلش ٹیم میچ کے آخری روز اپنی دوسری اننگز میں 207 رنز پر ڈھیر ہوئی۔

منگل کو چنائی ٹیسٹ کے آخری روز انگلش ٹیم نے 12 رنز بغیر کسی نقصان دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان ایلسٹرکک 3 اور کیٹن جیننگز 9 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 103 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر جدیجہ نے کک کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنر شپ توڑ دی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، کک 49 رنز بنا کر چلتے بنے، قائد کے بعد جیننگز بھی ہمت ہار گئے اور 54 رنز بنا کر جدیجہ کی گیند کا نشانہ بنے، دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی جدیجہ کی جادوئی سپن باؤلنگ کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 207 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، چھ کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے سے محروم رہے، جوروٹ 6، معین علی 44، جونی بیئرسٹو ایک، بین سٹوکس 23، لیام ڈاسن صفر، عادل رشید 2، سٹورٹ براڈ ایک اور جیک بال صفر پر آؤٹ ہوئے۔

جدیجہ نے کیریئر بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایشانت شرما، اومیش یادیو اور امیت مشرا نے ایک، ایک وکٹ لی۔