عالمی بینک کا عراق کیلئے امدادی پیکج کا اعلان

156

عالمی بینک نے عراق کیلئے 1.5 ارب ڈالر کے اضافی امدادی پیکج کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد جنگ کے شکار ملک میں اصلاحات پر عمل درآمد، سہولیات کی بہتری اور معیشت کی بہتری کیلئے معاونت فراہم کرنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ بینک کے مشرق وسطیٰ کے امور کے ڈائریکٹر فرید بیلحاج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں جاری جنگ اور خام تیل کے نرخوں میں کمی کے باوجود عراقی حکومت اقتصادی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے جراتمندانہ اصلاحات اور نجی شعبہ کی ترقی اور شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق بینک نے سرکاری فنڈز کی منیجمنٹ میں بہتری کے پروگرام کیلئے بھی 41.5 ملین ڈالر کی منظوری دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نئے پیکج سے عراق کیلئے عالمی بینک کی امداد 3.4 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ یاد رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے رواں سال جولائی میں عراق کیلئے 5.3 ارب ڈالر قرض کی منظوری دی تھی۔