سابق صدرآصف زرداری اور بلاول بھٹو کی مزار قائد پر حاضری

201

بابائے قوم کے 141 ویں یوم ولادت پرپیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی مزار قائد پر الگ الگ حاضری،قائد اعظم کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

اتوار کو یوم قائد کے موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹونے جب مزار قائد پر حاضری دی، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، منظور وسان اور ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹونے کہا کہ پاکستان کو قائد اعظم کے ویژن کے مطابق بنائیں گے۔ روشن خیال پاکستان قائد اعظم کا خواب تھا۔ قائد اعظم نے سیاسی جدوجہد کے ذریعے ہمیں آزادی دلائی۔

 قبل ازیں بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سینٹ پیٹرز چرچ میں جا کر مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔

 پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مزار قائد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا رہے گا،ہمیں اپنی خامیوں پر مثبت نظر ڈالنی ہے،انورمجیدکے ساتھ تعلقا ت سے انکار نہیں،ان کے ساتھ کیا ہوا اور کیوں ہوا وزیرداخلہ سے پوچھیں۔ امید ہے ڈاکٹر عاصم کو انصاف ملے گا۔

انہوں نے کہاکہ مزار قائد پربانی پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے آئے ہیں،پاکستان ہمیشہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا رہے گا،ہم درخواست کرتے ہیں کہ سوچ مثبت رکھیں،ہمیں اپنی خامیوں پر مثبت نظر ڈالنی ہے،انور صاحب کا معاملہ عدالت میں ہے بات کرنا قبل از وقت ہے،انور مجید کے ساتھ کیا ہوا یہ وزیرداخلہ سے پوچھیں،انور مجید سے تعلقات سے انکار نہیں،امید ہے ڈاکٹر عاصم کو انصاف ملے گا،ڈاکٹر عاصم اور ان کے وکلاء سے رابطے میں رہتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ میرا علاج امریکہ اور لندن میں ہوتا ہے۔آصف علی زرداری نے یوم قائد کے موقع پر مزائد قائد پر حاضری دی،آصف زرداری نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر سندھ کابینہ کے ارکان بھی سابق صدر کے ہمراہ موجود تھے۔

بعد ازاں سابق صدر آصف زرداری نے ڈاکٹر عاصم سے ہسپتال میں ملاقات کی،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔آصف زرداری نے ڈاکٹر عاصم کی خیریت دریافت کی اور ڈاکٹروں سے معلومات لیں۔