فضل الرحمان نے عمران خان کو مغربی تہذیب کا ایجنٹ قرار دے دیا

247

جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ  آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کو خیبرپختونخوا میں ذلت اور رسوائی کیساتھ شکست دیں گے۔پی ٹی  آئی کو خیبر پختونخوا میں مسلط کیا گیا اور کہا گیا کہ پشتون علاقوں میں مذہبی جڑیں ختم کرنے کے لیے تحریک انصاف سے بڑی کوئی جماعت نہیں۔

اتوارکے روزکوہاٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مسلمان انتہا پسند نہیں، امریکا لاکھوں انسانوں کا قاتل ہے، آج بھی انسانیت کے خلاف جنگ جاری ہے، برما میں مسلمانوں کی نسل کشی ہورہی ہے۔ مدرسہ اسلامی تہذیب اور چادر کی حفاظت کرتاہے، سازشوں سے مدرسوں کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا، پشتون علاقوں میں مذہب کی جڑیں گہری ہیں، ہم مسلم لیگ(ن) کے اتحادی ہیں لیکن اگر نظریے سے اختلاف ہوا تو ان کے خلاف بھی میدان میں نکلیں گے، ہمیں فاٹا اصلاحات پروفاقی حکومت سے بھی اختلاف ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سروے کے مطابق خیبر پختونخوا کرپشن میں ملک بھر میں سب سے آگے ہے جب کہ کے پی میں احتساب بیوروکے چیئرمین نے پی ٹی آئی سے تنگ آکراستعفی دیا عمران خان تضادات کا مجموعہ ہیں وہ ایک دن کچھ اوراگلے دن کچھ کہتے ہیں، وہ کبھی سپریم کورٹ سے مایوس ہوکراسمبلی جاتے ہیں تو کبھی اسمبلی سے سپریم کورٹ،  وہ کہتے ہیں کہ خیبر بینک کے مسئلے کو ہائی کورٹ  جب کہ پاناما کا مسئلہ سپریم کورٹ میں چلایا جائے، عمران خان نے پہلے انتخابی دھاندلی کا واویلا کرکے 35 پنکچر کا شور مچایا اور پھر کہا کہ 35 پنکچر والا بیان سیاسی تھا۔

انہوں نے پہلے کہا تھا کہ شیخ رشید کوچپڑاسی نہ رکھوں اب کہتے ہیں وہ میری سوچ کے ساتھ ہیں۔عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے جے یو آئی(ف)کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک کے مقتدر حلقوں نے ان کے تحریک انصاف سے اختلافات ختم کرانے کی کوشش کی، تحریک انصاف کے رہنمائوں نے مجھ سے 3 ملاقاتیں بھی کیں۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو یہودیوں کا ایجنٹ نہ کہوں ، تیسری ملاقات میں، میں نے ان سے کہا یہ آپ کی مجھ سے آخری ملاقات ہے، مجھے تحریک انصاف سے جن باتوں پر اختلاف ہے اس پر اب بھی قائم ہوں۔ عمران خان کی جماعت  کو خیبر پختونخوا میں مسلط کیا گیا اور کہا گیا کہ پشتون علاقوں میں مذہبی جڑیں ختم کرنے کے لیے تحریک انصاف سے بڑی کوئی جماعت نہیں لیکن ہم پی ٹی آئی کو ذلت اوررسوائی کے ساتھ کو خیبر پختونخوا میں شکست دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک دن آف شور کمپنیاں بنانے والوں کو چور کہتے ہیں، پھر کہتے ہیں خود بھی ٹیکس بچانے کے لئے آف شور کمپنی بنائی، مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سے نظریاتی اختلاف ہے اور نظریاتی مخالفت کی جنگ لڑتا رہوں گا۔ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے میٹنگ میں کہا کہ آپ ہر تقریر میں عمران خان کو یہودی لابی کا ایجنٹ کہتے ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ میں غلط نہیں کہتا عمران خان حقیقتا مغربی تہذیب کا ایجنٹ ہے، پشتون بیلٹ کی عوام میں مذہبی عنصر زیادہ ہے، اسلئے عمران خان کی جماعت کو اس صوبے میں مسلط کیا گیا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے الزام لگایا کہ مدارس کو بدنام کرنے کے بین الاقوامی ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کے پی حکومت نے خیبر بینک سکینڈل پر تحقیقاتی کمیشن کا سربراہ بھی اسے ہی بنایا جسے کرپٹ کہ کر نکالا تھا، یعنی دودھ کی رکھوالی کیلئے بلی کو بٹھا دیا گیا۔