اسرائیل کیخلاف قرار داد،نیتن یاہو کی اقوام متحدہ کو دھمکی

217

اسرائیل کے خلاف قرارداد منظور کرنے پر اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو نے اقوام متحدہ کے ساتھ تعلقات پر نظر ثانی کی دھمکی دے دی۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غربِ اردن میں غیر قانونی یہودی بستیوں کے قیام کے خلاف قرارداد کی منظوری کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو دھمکیوں پر اتر آئے،وہ کہتے ہیں کہ اسرائیل اقوام متحدہ کے ساتھ تعلقات پر نظر ثانی کرے گا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے وزارت خارجہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر اقوام متحدہ کے ساتھ تمام تعلقات پر نظر ثانی کریں۔وزیر اعظم نتن یاہو نے سلامتی کونسل کی قرار داد کی پاسداری نہ کرنے کی دھمکی بھی دی۔

سلامتی کونسل کے 15 رکن ممالک میں سے 14 نے غربِ اردن میں اسرائیل کی جانب سے یہودی بستیوں کے قیام کے خلاف قرارداد کی حمایت میں ووٹ ڈالے ۔ امریکا نے نہ صرف ووٹ ڈالنے سے انکار کیا بلکہ اپنا ویٹو کا حق بھی استعمال نہیں کیا حالانکہ اس سے پہلے وہ اسرائیل کی حمایت میں اس کا استعمال کرتا رہا ہے ۔