اللہ تعالیٰ نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک عظیم قائد سے نوازا،وزیر اعظم کا یوم قائد پر پیغام

167

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم اللہ تعالیٰ کی شکرگزار ہے کہ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک عظیم قائد سے نوازا جس نے ہمیں ایک آزاد وطن دیا، قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا عزم کریں،انتہاپسندی کے خاتمہ کیلئے ہمیں اپنے اندر اتحاد پیدا کرتے ہوئے قانون کی حکمرانی، پرامن بقائے باہمی اور جمہوری اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔

قائداعظم محمد علی جناح کے 140ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے دنیا کے نقشہ پر ایک خودمختار ریاست کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد میں بکھرے ہوئے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے جمع کیا۔ اپنے مثالی کردار اور قائدانہ صلاحیتوں کی بناء پر قائداعظم محمد علی جناح آج بھی ہمارے لئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت نے مسلمانوں کو اپنے مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھنے پر قائل کیا اور اس عظیم مقصد کیلئے انہوں نے اپنی تمام مشکلات اور اختلافات بھلا دیئے۔ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کی تعلیمات لے کر مسلمانوں نے اپنی اجتماعی منزل کیلئے گرانقدر قربانیاں دیں۔ قائداعظم کے عزم اور وقار کی وجہ سے پاکستان کی تخلیق کی جدوجہد میں لاکھوں لوگ ان کے ہمنوا بنے۔ یہ قائداعظم محمد علی جناح کا بلند کردار اور ساخت تھی کہ ان کی رہنمائی اور قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا وہ قابل عزت تھے یہاں تک کے ان کے مخالفین بھی ان کی دیانت داری، شرافت، بلند مرتبہ اور ایمان اور یقین کا احترام کرتے تھے،وہ ایک بااصول انسان تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں بطور قوم قائداعظم کے اصولوں کو اپنانا چاہئے جوکہ ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا طریقہ ہے۔ہم قائداعظم محمد علی جناح کو حقیقی معنوں میں تب ہی یاد کرسکتے ہیں جب ہم ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا عزم کریں۔ ہمیں انتہاپسندانہ قوتوں کو شکست دینے کیلئے اپنے اندر اتحاد پیدا کرنا ہوگا اور جمہوری اصولوں کو اختیار کرنا پرامن بقائے باہمی اور قانون کی حکمرانی کے راستہ پر گامزن ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی اتحاد‘ خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا عہد کرنا ہوگا۔ قائداعظم کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں کو بطور قوم اپنے لئے رہنما اصول بنانا ہوگا۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حقیقی معنوں میں قائداعظم کے خواب کے مطابق پاکستان کو حقیقی جمہوری ریاست بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔