نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو پہلے ون ڈے میچ میں شکست دیدی

143

نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو پہلے ون ڈے میں77رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے 342رنز ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 44.5اوورز میں 264رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو نیوز ی لینڈ اور بنگلہ دیش کے مابین پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 341رنز سکور کیے،نیوز ی لینڈ کی جانب سے ٹام لیتھم 137،کولن منرو87 اور ولیمسن 31رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے تین ،تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے 2,2وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں 342رنز ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 44.5اوورز میں 264رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن59،مصدق حسین50،مشفیق الرحیم 42 اور تمیم اقبال38رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز نیشم اور فرگوسن نے تین تین ،ٹم ساؤتھی اور سینٹنر نے 1وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم کو میچ میں 137رنز بنانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا،دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ون ڈے 29دسمبر کو نیسلن میں کھیلا جائے گا۔