علیم ڈار کا ایک اور اعزاز

171

نامور پاکستانی کرکٹ امپائر علیم ڈارنے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا، وہ سب سے زیادہ 332 انٹرنیشنل میچز سپروائز کرنے والے امپائر بن گئے ہیں۔

علیم ڈار نے یہ اعزاز کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کرتے ہوئے اپنے نام کیا، وہ اب تک 109 ٹیسٹ، 182 ون ڈے اور 41 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ اس سے قبل سب سے زیادہ میچز میں امپائرنگ کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے روڈی کرٹزن کے پاس تھا جنہوں نے 331 انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کی۔

 واضح رہے کہ علیم ڈار 2009 سے 2011 تک مسلسل تین سال آئی سی سی امپائر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں، 2016 میں انہیں آئی سی سی گولڈن بیلز ایوارڈ ملا جب کہ 2011 میں ان کو حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا جا چکا ہے۔