ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ،حبیب بینک نے جیت لیا

118

حبیب بنک نے سوئی سدرن گیس کارپوریشن کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ فاتح ٹیم نے 233 رنز کا ہدف 48 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، احمد شہزاد نے 68 اور امام الحق نے 56 رنز بناکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ شعیب ملک کی 93 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔

 تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں حبیب بنک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ سوئی سدرن گیس کارپوریشن نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے، شعیب ملک نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 93 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ آصف ذاکر 41 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ اویس ضیاء 7 ، عمر امین 13 ، عادل امین 6 ، کپتان فواد عالم 22 اور سیف اللہ بنگش 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عرفان 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

حبیب بینک کی جانب سے عثمان خان اور زوہیب خان نے دو، دو جبکہ فہیم اشرف اور شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

حبیب بنک نے ہدف 47.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، امام الحق اور کپتان احمد شہزاد نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، احمد شہزاد 68 اور امام الحق 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف اور زوہیب خان نے آخری میں بالترتیب 34 اور 29 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

سوئی سدرن کی جانب سے محمد عرفان نے تین اور ظفر گوہر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔