عراق،خودکش کار بم دھماکہ،32افراد ہلاک،درجنوں زخمی

158

عراق کے دارالحکومت بغداد کے نواح میں ایک انتہائی گنجان آباد علاقے میں پیر کے روز خودکش کار بم حملے میں کم از کم32افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات پولیس اور طبی حکام نے بتائی۔خودکش حملہ آورر نے دارالحکومت بغداد کے صدر سٹی میں دھماکہ خیز مواد سے بھری کار سمیت خود کو اڑا دیا، ہلاک شدگان میں کئی دہاڑی دار مزدور شامل ہیں جو صدر سٹی میں ایک چوک میں روزگار ملنے کے انتظار میں تھے۔

پولیس کرنل کے مطابق کم از کم32افراد ہلاک اور61اس حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔تین روز میں بغداد میں یہ دوسرا بڑا حملہ تھا۔ہفتہ کے روز وسطی بغداد میں ایک مصروف مارکیٹ میں یکے بعد دیگرے دو دھماکوں میں کم از کم 27افراد مارے گئے تھے جو کہ دو ماہ کے عرصے میں عراقی دارالحکومت میں اس قسم کا خونریز ترین حملہ تھا۔

داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔