سال 2016 ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر مستحکم رہی

166

سال 2016 پاکستانی روپے کے لیے کافی بہتر رہا،ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم رہی جبکہ یورو اور برطانوی پونڈ سستے ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق سال کے دوران انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 15 پیسے بڑھ گئی ، یورو کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 3 روپے 84 پیسے اور برطانوی پونڈ کے مقابلے میں 26 روپے 70 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق 2016 کے آغاز پر ڈالر 104 روپے 74 پیسے کا تھا ، سال کے آخری دن 104 روپے 59 پیسے کا رہا ، اس دوران یورو114 روپے 43 پیسے سے سستا ہو کر 110 روپے 59 پیسے اور برطانوی پونڈ 155 روپے 26 پیسے سے کم ہو کر 128 روپے 57 پیسے کا رہ گیا ، بھارتی روپے کے مقابلے میں بھی پاکستانی روپیہ 4 پیسے مہنگا ہو گیا ، تاہم جاپانی ین کے مقابلے میں روپے کی قدر میں دو پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

 گزشتہ سال 2015 کے دوران انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 4.24 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی ، کرنسی ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں کافی اتار چڑھاو دیکھا گیا۔