بارہمولہ،بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیری نوجوان شہید

313

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران  ضلع بارہمولہ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ فوجیوں نے نوجوان کو ضلع میں سوپور کے علاقے  میں  صبح سویرے تلاشی اور محاصرے کی ایک کاررروائی کے دوران شہید کیا۔

بھارتی پولیس کے ایک عہدیدار نے دعویٰ کیاہے کہ نوجوان مجاہد تھا جسے فوجیوں نے ایک جھڑپ میں قتل کیا ہے،ضلع پلوامہ کے علاقے کادی بوگ کاکہ پورہ میں بھارتی فورسز نے تلاشی اورمحاصرے کی کارروائی کے دوران نوجوانوں کو تشدد کانشانہ بنایا جس کے خلاف لوگوں نے شدید احتجاجی مظاہرے کئے۔

   بھارتی فورسز نے پلوامہ کے علاقے کادی بوگ میں مجاہدین کی موجودگی کا بہانہ بنا کر علاقے کو محاصرے میں لیا اور گھر گھر تلاشی شروع کی۔ بھارتی فورسز نے اس دوران لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ لوگوں نے بھارتی فورسز کی مزاحمت کی اور ان پر پتھرائو کیا۔ نوجوانوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے اور آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔ نوجوانوںنے بھارتی فورسز پر پتھرائوکیا اور ان پرکانگڑیوں سے حملہ کیا ۔

 بھارتی فورسز نے مشتعل لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا۔ قابض فورسز نے مقامی لوگوں کے تیور دیکھ کرآپریشن ختم کرنے میں عافیت سمجھی اور چلتے بنے۔بھارتی پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کادی بوگ پلوامہ میں فوجی آپریشن کے دوران لوگوں نے فورسز پر پتھرائو کیاہے۔ مذکورہ آفیسر کے مطابق پولیس وفورسز نے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا ہے۔

علاوہ ازیں  کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے تحریک حریت جموںو کشمیر کے ضلعی صدر کپواڑہ فاروق احمد بٹ کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ، سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ فاروق احمد ایک پر امن سیاسی کارکن ہیںاور پرامن طور پراپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ بھارتی پولیس اور کٹھ پتلی انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کیا ہوگی کہ سیاسی سطح پر تحریک حریت کا مقابلہ کرنے کے بجائے وہ فوجی قبضے کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دباکر ”بہادری اور دلیری ” کا جھوٹا اور فریب کارانہ مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے تئیں اپنی وفاداری کا حق ادا کررہے ہیں۔ادھر تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ پولیس نے علی الصبح فاروق احمد کے گھر پر چھاپہ مار کرانہیں گرفتار کیا۔

انہوں نے کہاکہ فاروق احمد بٹ نے حالیہ عوامی تحریک کے دوران سرگرم کردارادا کیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ گرفتار کرنے کے بعد پولیس نے انہیں نامعلوم جگہ منتقل کردیا ہے اورپولیس نے انکے گھر میں توڑ پھوڑ کی اور اہلخانہ کو ہراساں کیا ۔