پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا،نجم سیٹھی

193

پی سی بی کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے چیئر مین اور پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا۔

  لاہور میں جوجسٹو مقابلوں کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عدم استحکام کسی بھی کرکٹ بورڈ کے لئے اچھا شگون نہیں ہوتا ،امید ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے اندر تنگ نظری ختم ہوگی اور وہ بھرپور طریقہ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کے معاہدہ کو نبھائیں گے ۔نجم سٹیھی نے کہاکہ ہم نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کو کئی دفعہ کہا کہ وہ کرکٹ کو سیاست سے نہ ملائیں ۔

نجم سیٹھی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل سو فیصد لاہور میں ہی ہوگا اور اسکے لئے حکومت پنجاب اور وزارت داخلہ کی ہمیں سپورٹ حاصل ہے،لاہور محفوظ ترین شہر ہے اور انشاءاللہ یہاں پر پی ایس ایل کا فائنل ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کی بڈنگ اگلے سال ہوگی جس کےلئے ہمیں کئی درخواستیں مل رہی ہیں حتی کہ یو اے ای والے بھی اپنی ٹیم کو پی ایس ایل میں شامل کرنے کے خواہش مند ہیں ۔

نجم سیٹھی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو ہوم گراﺅنڈ اور کراﺅڈ کا فائدہ ہے جس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کو شکست کا سامنا ہے ۔یو اے ای کی گراﺅنڈ پاکستان کی ہوم گراﺅنڈ جیسی ہی ہے اور وہاں پر ہماری ٹیم نے آسٹریلیا کو وائٹ واش کیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے آسٹریلیا کی سر زمین پر گزشتہ 14سالوں سے ایک سیریز بھی نہیں جیتی، کرکٹ بائی چانس گیم ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ملک میں سپورٹنگ وکٹیں بنائیں لیکن غیر ملکی کیوریٹر زیادہ دیر کےلئے پاکستان نہیں آنا چاہتے ،ہماری کوشش ہے کہ آسٹریلیا ،ساﺅتھ افریقہ ،انگلینڈ یانیوزی لینڈ سے غیر ملکی کیوریٹرز کو بلا کر تین تعلیم یافتہ مقامی کرکٹرز کو ٹریننگ دلوائیں اور پھر ان کو کیوریٹر کی ذمہ داریاں سونپیں ،تعلیم یافتہ کیوریٹر وکٹوں اور زمین کی سائنس کو سمجھ سکیں گے،پاکستان میں زیادہ تر ہیڈ مالی کیوریٹرکے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ رواں ماہ کے تیسرے ہفتے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے تین آفیشلز پاکستان میں سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لئے آرہے ہیں جبکہ جائلز کلارک بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے ۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ سلیکشن میں کوئی دخل نہیں دیتی۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے کلب کرکٹ سے نیا ٹیلنٹ حاصل کرنے کےلئے سات کروڑ روپے کی منظوری دی ہے اور امید ہے کہ 40سے 45ہزار نوجوان کرکٹرز کو کرکٹ کی سرگرمیوں میں مشغول کیا جائے گا اور تین سال بعد پاکستان میں بہت ٹیلنٹ نظر آئے گا ۔