کیپ ٹاؤن ٹیسٹ،جنوبی افریقہ کی سری لنکا کے خلاف پوزیشن مستحکم

153

جنوبی افریقہ کی سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی، میزبان ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگزمیں بغیر کسی نقصان 35 رنز بنا کر مجموعی طور پر 317 رنز کی برتری حاصل کر لی۔

 منگل کو دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقن ٹیم نے 297 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ڈی کوک 68 اور کائل ایبٹ 16 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے دوسرے اوور میں ہیراتھ نے ایبٹ کو آؤٹ کر دیا، وہ گزشتہ دن کے سکور میں اضافہ کئے بغیر چلتے بنے، 336 کے مجموعی سکور پر پروٹیز کی آٹھویں وکٹ گری جب ڈی کوک 101 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد کمارا کی گیند کا نشانہ بنے، 376 کے سکور پر فلینڈر 20 رنز بنا کر کمارا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، 392 رنز پر سری لنکا کی آخری وکٹ گری جب کاگیسوربادا 8 رنز بنا کر کمارا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے لاہیروکمارا نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سرنگا لکمل اور رنگناہیراتھ نے دو، دو وکٹیں لیں۔

 جواب میں سری لنکن ٹیم کی پہلی اننگز میں کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، ربادا، فلینڈر اور مہاراج نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے حریف کھلاڑیوں کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 110 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، چھ کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور کرنے میں ناکام رہے، اپل تھرنگا نے 26 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، دیمتھ کرونارتنے 24، کوشل سلوا اور کوسل مینڈس 11، 11، دھانن جایا ڈی سلوا 16، کپتان اینجلومیتھیوز 2، دنیش چندیمل 4، رنگناہیراتھ ایک، سرنگا لکمل صفر، لاہیروکمارا 4 اور نوون پرادیپ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریفہ کی جانب سے فلینڈر اور ربادا نے 4، 4 جبکہ مہاراج نے دو وکٹیں لیں

جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو فالو آن کرانے کی بجائے خود دوسری اننگز کھیلنے کا فیصلہ کیا، اسطرح دوسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو پروٹیز نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 35 رنز بنا کر مجموعی طور پر 317 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، ڈین ایلگر 19 اور سٹیفن کک 15 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔