شام:داعش کے 18 شدت پسند ہلاک،ترک فورسز

202

ترک فورسز نے اپنے ہمسایہ ملک شام میں داعش کے اٹھارہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ترک فورسز گزشتہ چار ماہ سے اپنی سرحد سے منسلک شامی علاقوں میں داعش اور کردوں کے خلاف فرات شیلڈ نامی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک حکام نے کہا ہے کہ ان کے حملوں میں سینتیس عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ترکی الباب نامی شامی علاقے میں داعش کے خلاف لڑنے والے باغیوں کی حمایت بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ادھر دمشق کے مضافاتی علاقے وادی بردی میں حکومتی فورسز کی بمباری میں شدت پیدا ہو گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی فوج کی اِس علاقے میں دلچسپی کی وجہ دمشق کو پہنچنے والی پانی کی سپلائی لائن ہے، جس پر باغی قابض ہو چکے ہیں۔ اس مقام پر قبضے کے لیے لبنانی شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ کے جنگجو بھی حکومتی فورسز کا ساتھ دے رہے ہیں۔