افغان سیکورٹی فورسز کا 58 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

208

 

افغان سیکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں کارروائیوں کرتے ہوئے داعش کے 12 ارکان سمیت 58 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے۔

افغان میڈیا میں کابل میں وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کارروائیوں میں 58 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جن میں داعش کے 12کارکن بھی شامل ہیں۔ بیان کے مطابق یہ کارروائیاں ننگر ہار، کپیسا، پکتیا، پکتیکا، لوگر، غزنی،بدخشاں اور ہلمند کے صوبوں میں کی گئیں۔

وزارت دفاع کے مطابق فاریاب کے علاقہ چرخ میں ایک کارروائی میں 12طالبان ہلاک ہوگئے۔ اسی طرح ننگر ہار میں داعش کے 10جنگجو مارے گئے۔ ہرات کے علاقہ شین ڈنڈ میں ایک کارروائی میں داعش کے دو جنگجو مارے گئے۔ حکام کے مطابق لوگر میں خصوصی کارروائی میں سات عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ قندہار میں طالبان نے 10مزدوروں کو اغواء کرلیا۔

حکام کے مطابق یہ کارروائی قندہار کے علاقہ تختہ پل میں کی گئی ۔حکام کے مطابق اغواء ہونے والے مزدوروں کی بازیابی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ دریں اثناء افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات میں ہزاروں افراد نے شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اس موقع پر داعش کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور افغانستان کی حکومت سے داعش کے خلاف بھرپور اقدامات کا مطالبہ کیا۔