کراچی کو ایشیا کا خوبصورت ترین شہر بنا ئیں گے،ڈاکٹر فاروق ستار

172

سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں پانی کے مسئلے کا حل پیش کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کراچی کے 180 پمپنگ اسٹیشن کا انتظام ہمیں دے دے تو پانی کا مسئلہ حل کردیں گے۔

سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے ضلع ملیر کالابورڈ یوسی چھ میں پختہ گلیوں اور پیور بلاک لگانے کی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کراچی کو ایشیا کا خوبصورت ترین شہر بنانے کا اعلان کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اب پیچھے مڑکر نہیں دیکھیں گے۔ شہر میں دیر پا امن قائم کریں گے، جس میں عوام کی شمولیت بھی ہوگی۔تیس دسمبر کو شہر میں ایم کیو ایم پاکستان کے جلسے میں بجلی چوری شدہ ہونے کی خبر کو مسترد کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ نشترپارک جلسے میں استعمال بجلی کا بل دیا گیا تھا۔ جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے بلدیہ کے وسائل کو بھی استعمال نہیں کیا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ آہستہ آہستہ کراچی کا نقشہ بدل دیں گے۔ ہم بے اختیار ہیں مگر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ سو روزہ صفائی مہم دس مارچ کے بجائے پندرہ مارچ کو اختتام پذیر ہوگی۔