مقبوضہ بیت المقدس میں ٹرک اسرائیلی فوجیوں پر چڑھ دوڑا،4فوجی ہلاک،15 زخمی

237

مقبوضہ بیت المقدس میں ٹرک اسرائیلی فوجیوں پر چڑھ دوڑا جس کے نتیجے میں 4اسرائیلی فوجی ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے، صہیونی فوج نے ٹرک ڈرائیور کو مارنے کا دعویٰ کیاہے جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نے واقعے کو دہشتگردی قرار دیدیا۔

غیر ملکی میڈیاکے مطابق اسرائیلی ایمرجنسی سروسز حکام کا کہناہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں فوجیوں کا ایک گروپ جارہا تھا کہ ڈرائیور نے ان پر ٹرک چڑھادیا جس کے نتیجے میں 4فوجی مارے گئے ۔ایمرجنسی سروس کارکنوں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔ اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فورسز کا دعوی ہے کہ ٹرک ڈرائیور فلسطینی تھا جو خود بھی مارا گیا ۔اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق فوجیوں پر حملہ دہشتگرد کی کاروائی ہوسکتی ہے جس کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور جلد صورتحال واضح ہوجائے گی۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نے واقعے کو دہشتگردی قرار دیدیا ہے ۔ واضح رہے کہ ستمبر 2015 سے اب تک فلسطینیوں کی جانب سے چاقووں اور گاڑیوں کی مدد سے کیے گئے ایسے حملوں میں مجموعی طور پر 40 اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں، جب کہ اس دوران 229 فلسطینی بھی شہید کردیئے گئے۔